المصطفی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آیت اللہ سید حسن عاملی امام جمعہ شہر اردبیل ایران نے مشہد المقدس "میں طلاب جامعۃ المصطفی سے بعنوان "ہدایت کے چراغ اور چھٹے تاجدار حضرت امام جعفر صادق علیہ السّلام کی شہادت کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام صادق علیہ السلام نے اپنے دورِ امامت میں بہترین انداز سے لوگوں تک دین اسلام کے احکامات کو پہنچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذہب حقہ کے عظیم امام اور رئیس نے ایک عظیم علمی تحریک سے دین کی تبلیغ کرنے کیلئے بہت سے دانشور طلباء کی تربیت فرمائی۔
آیت اللہ حسن عاملی نے کہا کہ صادق آل محمد علیہم السّلام کی علمی طاقت اور ہیبت نے دشمنوں کو ان کے مقابلے میں کھڑا کیا اور آخرکار آپ کو مظلومانہ طریقے سے شہید کر دیا۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ آئمہ معصومین علیہم السلام ہمارے لئے ابدی نمونۂ عمل ہیں، کہا کہ جو شخص ان عظیم ہستیوں کو نمونۂ عمل قرار دے اسے اپنی زندگی کو اہل بیت علیہم السّلام کی سیرت اور رفتار کے مطابق گزارنا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں جیسے دینی، اخلاقی اور سیاسی وغیرہ میں صرف وہی شخص ہمارے لئے نمونۂ عمل بن سکتا ہے جو خود معصوم، یعنی تمام برائیوں سے پاک و منزہ ہو۔ ایسا شخص اعمال کا پیمانہ اور ہم اس کے اعمال کے مطابق اپنے تمام اعمال کو ناپ سکتے ہیں۔
امام جمعہ شہر اردبیل نے کہا کہ ہمارے لئے آئمہ کرام علیہم السّلام زمان و مکان کی شرط کے بغیر کامل اور ابدی نمونہ ہیں اور دین اسلام کے خلاف سازش کرنے کیلئے دشمنوں کے اہم ہتھکنڈوں میں سے ایک، ہمارے لئے معصومین علیہم السّلام کے علاوہ دیگر لوگوں کو نمونۂ عمل بنا کر پیش کرنا ہے۔